اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، عراق کی حشد الشعبی نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ ملک کے 12 صوبوں میں گزشتہ چند دنوں کے دوران سکیورٹی کارروائیاں کی گئیں، جن کے نتیجے میں 45 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا اور دہشت گردی، کالعدم بعث پارٹی اور منحرف گروہوں سے وابستہ نیٹ ورکوں کو تباہ کیا گیا۔
عراق کی سرکاری خبر رساں ایجنسی واع کے مطابق، حشد الشعبی نے ایک بیان میں کہا کہ حشد الشعبی کے سربراہ اور چیف آف اسٹاف کی نگرانی اور ہدایات پر تنظیم کے شعبۂ اطلاعات و سلامتی نے گزشتہ چند روز کے دوران ملک کے 12 صوبوں میں متعدد سکیورٹی کارروائیاں انجام دیں۔
بیان کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کرنے کے ساتھ دہشت گردی، کالعدم بعث پارٹی، ملکی سلامتی سے متعلق معلومات کی منتقلی، منظم جرائم اور منحرف گروہوں سے وابستہ نیٹ ورکوں کی نشاندہی کرکے انہیں تباہ کیا گیا۔
حشد الشعبی کے بیان میں کہا گیا کہ گرفتار کیے جانے والے افراد میں 23 افراد کالعدم بعث پارٹی سے وابستہ، 6 افراد ملکی سلامتی سے متعلق معلومات منتقل کرنے کے الزام میں، 5 افراد منظم جرائم میں ملوث، 4 افراد دہشت گردی سے متعلق مقدمات میں اور 7 افراد منحرف گروہوں سے وابستہ ہیں۔
حشد الشعبی نے زور دیا کہ تمام گرفتاریاں عدالتی احکامات کی بنیاد پر اور قانونی ضابطوں اور طریقہ کار کے مطابق عمل میں لائی گئی ہیں۔
حشد الشعبی نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ سکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا مطلوب افراد کے بارے میں اس تنظیم کے شعبۂ اطلاعات و سلامتی سے متعلق نمبر 481 پر اطلاع دیں۔
آپ کا تبصرہ